ویب ڈیسک: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں بننے والی سڑک پر گڑھوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کو مکمل کرنے والا ٹھیکیدار ایک رکن پارلیمنٹ ہے۔ جس کے پاس بہت پیسہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ یہ پی آئی سی آئی آئی پی کا پراجیکٹ ہے، ورلڈ بینک کے قرضے پر دو شہروں سیالکوٹ اور ساہیوال میں کئی سالوں سے کام ہو رہا ہے، ویڈیو سے کام کے معیار کا اندازہ لگائیں۔
انہوں نے لکھا کہ یہ سیالکوٹ میں خادم علی روڈ ہے اور اس کے نیچے پی آئی سی سی آئی پی کے ٹھیکیدار نے پائپ بچھائے ہیں، اس سے باقی کام کے معیار کا بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ فنانسر طاقتور ہے، آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ ہماری پارلیمنٹ کا رکن بھی ہے، دولت کی کوئی حد نہیں، شاید ہی کوئی احتساب ہو، یہ میرا حلقہ ہے۔ آواز اٹھانا میرا فرض ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر میں کرپشن کا کہا تھا۔