ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ اور شیخوپورہ میں بارش متوقع ہے۔ ساہیوال، فیصل آباد، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر اور اوکاڑہ میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ژوب، قلات، بارکھان، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں بارش کا امکان ہے۔ ساحلی علاقوں تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ اور آواران میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں دادو، بینظیرآباد، قمبر شہداد کوٹ، نوشہرو فیروز اور جام شورو میں بارش متوقع ہے، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور موہنجوداڑو میں دھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم، وزیرستان اور بنوں میں بارش کے ساتھ برفباری کی توقع ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔