رجب بٹ پر تشدد کرنےوالے وکیل کی ندیم نانی والا کو دھمکی، ویڈیو وائرل

رجب بٹ پر تشدد کرنےوالے وکیل کی ندیم نانی والا کو دھمکی، ویڈیو وائرل
کیپشن: رجب بٹ پر تشدد کرنےوالے وکیل کی ندیم نانی والا کو دھمکی، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک: معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر مبینہ تشدد کے واقعے کے بعد ایک وکیل کی جانب سے یوٹیوبر ندیم نانی والا کو دھمکی دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

وائرل ویڈیو بیان میں وکیل نے کہا کہ کچھ لوگ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہے اور اب رجب بٹ کے بعد ندیم نانی والا میڈیا کی سرخیوں میں آنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ اگر معاملہ “سافٹ ویئر اپ ڈیٹ” کا ہے تو وہ ان کا بھی کر دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فریقِ مخالف کا اپنا فیصلہ ہے کہ وہ بدلہ لینے کے لیے قانونی راستہ اختیار کرتا ہے یا اپنی والدہ اور بہن کے ذریعے وی لاگز بنواتا ہے۔ وکیل کے مطابق سامنے والا فریق جو بھی اقدام کرنا چاہے کر سکتا ہے، وہ ہر قسم کی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی ایک عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلا کی بڑی تعداد نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر مبینہ طور پر تشدد کیا تھا۔ تشدد میں ملوث ایک وکیل نے بعد ازاں ویڈیو پیغام میں کہا کہ رجب بٹ خود کو بڑا بہادر سمجھ رہا تھا، تاہم اب اسے حقیقت کا اندازہ ہو گیا ہوگا۔

اسی ویڈیو میں وکیل نے دعویٰ کیا کہ رجب بٹ شاید یہ سمجھ رہا تھا کہ وہ پنجاب میں ہے، جبکہ سندھ کو غیرت مند اور بہادر لوگوں کی دھرتی قرار دیتے ہوئے انہوں نے اپنے وکیل دوست بلال کھوکھر کا نام لیا اور کہا کہ انہوں نے رجب بٹ سے اپنا بدلہ لے لیا ہے۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ قانونی اور انسانی حقوق کے حلقوں کی جانب سے واقعے کی مذمت بھی کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News