ویب ڈیسک: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے 2025 کو تعلیم کی بہتری کے لیے اقدامات کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے طلباء کو بھی ہزاروں کی تعداد میں لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ 2025 میں بھی تعلیم کے شعبے میں متعدد اہم اقدامات کیے گئے۔ گزشتہ سال کی طرح، اس سال بھی 20 لاکھ گھوسٹ انرولمنٹ کا خاتمہ کیا گیا اور 26 ہزار اساتذہ کی ریشنلائزیشن سے ٹیچر شارٹیج پر قابو پایا گیا۔ سلیبس میں اصلاحات اور امتحانی نظام میں تبدیلیاں کی گئیں، اور بورڈز کو ای مارکنگ پر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی، 10 ہزار اسکولوں میں ای سی ای رومز بنائے، اور روزانہ 11 لاکھ طلبہ کو نیوٹریشن پروگرام سے مستفید کیا جا رہا ہے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق، صوبے میں 268 اسکولز کو اپ گریڈ کیا گیا، اساتذہ کی ہراسمنٹ کے 37 کیسز پر فیصلے ہوئے اور نجی تعلیمی اداروں کے طلباء کے لیے 10 ہزار لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید برآں، 450 کالجز میں میرٹ پر پرنسپلز کی تعیناتی کی گئی اور 29 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتی مکمل کی گئی۔