رجب بٹ پر حملہ قابلِ مذمت، سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، صوبائی وزیر ریاض شاہ

رجب بٹ پر حملہ قابلِ مذمت، سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، صوبائی وزیر ریاض شاہ
کیپشن: رجب بٹ پر حملہ قابلِ مذمت، سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، صوبائی وزیر ریاض شاہ

ویب ڈیسک: سندھ کے صوبائی وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور اور زکوٰۃ و عشر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر ہونے والے حملے پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ رجب بٹ کے ساتھ ہوا، وہ پورے پاکستان نے دیکھا اور یہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

ریاض شاہ شیرازی کا کہنا تھا کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے، جہاں بھائی چارے، امن اور برداشت کا پیغام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے رجب بٹ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ فریق کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر رجب بٹ اور یوٹیوبر ندیم نانی والا کو سندھ کی ثقافتی روایت کے مطابق اجرک بھی پیش کی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اجرک سندھ کی مہمان نوازی اور احترام کی علامت ہے، اور صوبے میں کوئی بھی شخص یہ نہیں چاہتا کہ کسی کے ساتھ زیادتی ہو۔

اس سے قبل وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے بھی سٹی کورٹ کراچی میں یوٹیوبر رجب بٹ پر حملے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ رجب بٹ پر تشدد کے معاملے پر چیف جسٹس سے بات کی گئی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عدالت میں جو کچھ ہوا وہ کسی بھی صورت وکیل کے پیشے کے شایانِ شان نہیں ہے۔ عدالت میں کورٹ پولیس کی موجودگی کے باوجود یہ واقعہ پیش آیا، جس پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورٹ پولیس کا کام ملزمان کو پیش کرنا اور لے جانا ہوتا ہے، نہ کہ تشدد کو نظر انداز کرنا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی عدالت میں پیشی کے دوران وکلا کی بڑی تعداد نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر مبینہ طور پر تشدد کیا تھا۔ بعد ازاں تشدد میں ملوث ایک وکیل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں انہوں نے رجب بٹ کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اب انہیں حقیقت کا اندازہ ہو گیا ہوگا۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔

Watch Live Public News