ویب ڈیسک: لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے بسنت 2026 کیلئے ایس اوپیز جاری کردیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 6 سے 8 فروری تک ضلع بھر میں بسنت منائی جائے گی۔ عوام کی حفاظت کے پیش نظر انتظامیہ، پولیس، پتنگ بازی کی تنظیموں، مینوفیکچررز اور عام عوام کیلئے واضح ایس او پیز جاری کردیے گئے ہیں۔
ایس او پیز کے تحت پتنگ بازی سخت حفاظتی انتظامات سے مشروط ہوگی۔ اس کے علاوہ پتنگ بازی اور مینوفیکچررز کو پنجاب حکومت کی e-bizz ایپ اور آن لائن پورٹل پر رجسٹر کرنا ہوگا۔
ایس او پیز کے تحت رجسٹرز سیلرز کو یکم فروری سے 8 فروری تک پتنگوں کی فروخت کی اجازت ہوگی۔تاہم ممنوعہ ڈور کی فروخت (چرخی کی شکل میں) پر پابندی عائد رہے گی۔ تاہم دھاگے سے بنی ڈور کی فروخت کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ کسی بھی ممنوعہ ڈور یا چیز کے استعمال پر زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
حکام منظورشدہ سائز سے بڑی پتنگ بنانے یا اڑانے پر سخت ایکشن لیں گے۔ اس کے علاوہ پولیس کو ممنوعہ ڈور کی فروخت کرنے والے عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بسنت سے قبل موٹرسائیکل سواروں کو بھی حفاظتی تار لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بسنت لاہور کا ایک ثقافتی تہوار ہے لیکن اسے حفاظت اور قانون کیساتھ منایا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 30 دسمبر سے بسنت کے حوالے سے کاروباری سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی تاہم ممنوعہ ڈور کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔