ویب ڈیسک: اسلام آباد کی مارگلہ پہاڑیوں کی بلند ترین چوٹی ٹلہ چرونی پر 31 دسمبر 2025 کی رات سے 2 جنوری 2026 کی صبح کے دوران ممکنہ برفباری سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف خبریں گردش ہیں۔
سوشل میڈیا پر کیے گئے دعوؤں میں کہا جا رہا ہے کہ کسی ممکنہ گرج چمک کے طوفان کے باعث علاقے میں شدید ژالہ باری یا برفباری ہو سکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹلہ چرونی، جو سطحِ سمندر سے تقریباً 1,604 میٹر (5,262 فٹ) کی بلندی پر واقع ہے، مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا حصہ ہے اور اسلام آباد کے مضافاتی علاقے میں واقع ہے۔
تاہم پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے ان خبروں کو محض قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران مارگلہ کی پہاڑیوں پر برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ اس وقت علاقے میں کم سے کم سطحی درجہ حرارت تقریباً 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ برفباری کے لیے درجہ حرارت کا نقطۂ انجماد یعنی صفر ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے کم ہونا ضروری ہوتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ اور افواہوں پر مبنی خبروں پر انحصار کرنے کے بجائے سرکاری موسمیاتی پیش گوئیوں اور اطلاعات کو ترجیح دیں، خصوصاً سردیوں کے موسم میں جب پہاڑی علاقوں میں موسم کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہے۔