(ویب ڈیسک ) سندھ حکومت کی جانب سے کل سے کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے اورنج لائن کو گرین لائن سے ملانے کے منصوبےکاافتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے اورنگی ٹاؤن میں اورنج لائن ڈپو کا جائزہ بھی لیا۔
شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی ہے جس میں ایک ہی کارڈ چلےگا، اب ہم مزید کوشش کریں گے کہ روزانہ 1 لاکھ مسافر سفر کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن اور اورنج لائن کے مسافروں کو ڈبل کرایا بھرنے کی ضرورت نہیں پڑےگی، اب ایک ہی کارڈ پر اورنج لائن اور گرین لائن سے سفر کیا جا سکے گا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کل ہم ڈبل ڈیکر بسوں کی سروس شروع کر رہے ہیں، یہ سروس کراچی کی عوام کے لیے نئے سال کا تحفہ ہوگا،یہ بسیں ملیر سے شارع فیصل تک چلیں گی، ان کا کرایہ پیپلزبس کے برابر ہی رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال تجرباتی بنیاد پر ڈبل ڈیکر بسوں کو محدود پیمانے پر چلارہے ہیں، ان تمام پروجیکٹس میں عوام کو سہولت ملے گی۔