لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دورہ ملتان کے دوران فرائض سے غفلت برتنے اور عوام کی شکایات پر 2 افسروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انہیں عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے اور عوامی شکایات پر ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا محمد علی عباس کوعہدے سے ہٹا دیا گیا اور سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کو ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایڈیشنل ایس پی کینٹ ڈویژن ملتان کامران عامر خان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور سی پی او آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کام نہ کرنے والے افسروں کے لئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کے مسائل میں غفلت پر کسی سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ ملتان کے دورہ کے دوران فرائض سے غفلت اور عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیا۔ انہوں نے کہا کہ افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ عوام کی خدمت کرنے والے افسران کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔کام نہ کرنے والے افسران اپنا قبلہ درست کرلیں۔