مودی سرکار کو بڑا جھٹکا، ٹرمپ کی 25فیصد ٹیرف کی دھمکی

مودی سرکار کو بڑا جھٹکا، ٹرمپ کی 25فیصد ٹیرف کی دھمکی
کیپشن: مودی سرکار کو بڑا جھٹکا، ٹرمپ کی 25فیصد ٹیرف کی دھمکی

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر تجارتی معاہدہ طے نہ پایا تو بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ سکاٹ لینڈ سے واپسی پر ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ تاحال طے نہیں پایا، اور اگر بات نہ بنی تو سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

بات چیت کے دوران امریکی صدر نے فلسطینی ریاست کے معاملے پر بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا حماس کو انعام دینے کے مترادف ہے، اور امریکا ایسے کسی کیمپ کا حصہ نہیں جو فلسطین کو ریاست تسلیم کرتا ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ برطانوی وزیراعظم سے اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اسرائیل سے براہ راست رابطے میں ہے تاکہ فلسطینی علاقوں میں خوراک کی فراہمی کو شفاف اور منصفانہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل نہیں چاہتا کہ امدادی رقوم یا خوراک حماس کے ہاتھ لگے۔

روسی مؤقف پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ روس نے امن کی نئی ڈیڈ لائن پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، جس کے نتیجے میں امریکا روسی معیشت پر مزید محصولات عائد کرنے جا رہا ہے، یہ نئے محصولات آئندہ 10 روز میں نافذ کیے جائیں گے۔

انہوں نے چین سے تعلقات کے حوالے سے عندیہ دیا کہ سال کے اختتام سے قبل چینی صدر سے ملاقات متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔

Watch Live Public News