ویب ڈیسک: لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی شمولیت کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے مردوں کی ٹیموں کے کوالیفائی کرنے کا ابتدائی طریقہ کار طے کر لیا ہے، جس پر پاکستان اور نیوزی لینڈ نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے ریجنل کوالیفائنگ فارمولے کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ایشیا، اوشنیا، افریقا اور یورپ سے ایک ایک ٹاپ رینک ٹیم براہ راست اولمپکس میں کوالیفائی کرے گی، جبکہ امریکا میزبان ہونے کی حیثیت سے خود بخود شامل ہوگا۔ چھٹی ٹیم کے کوالیفائی ہونے کا طریقہ کار ابھی طے ہونا باقی ہے۔
اس فارمولے کے تحت پاکستان کرکٹ ٹیم کی براہ راست کوالیفائی کرنے کی راہ میں رکاوٹیں پیدا ہو گئی ہیں، کیونکہ موجودہ آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بھارت ایشیا کی ٹاپ ٹیم ہے اور وہ براہ راست اولمپکس میں جائے گا، جب کہ پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ بھی اس فارمولے سے متاثر ہوگا، کیونکہ اگرچہ وہ عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے، لیکن اوشنیا ریجن سے آسٹریلیا (نمبر 2 ٹیم) اولمپکس میں کوالیفائی کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق یورپ سے گریٹ بریٹن کی ٹیم کوالیفائی کرے گی، اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اس ٹیم کی تشکیل کے لیے اسکاٹ لینڈ اور کرکٹ آئرلینڈ سے بات چیت کر رہا ہے۔ امریکا کی ٹیم، جو رینکنگ میں 17ویں نمبر پر ہے، میزبان ہونے کے ناطے براہ راست شرکت کرے گی۔
آئی سی سی کے اس فارمولے پر پاکستان اور نیوزی لینڈ نے اعتراض اٹھایا ہے کہ یہ عالمی رینکنگ کو نظر انداز کرتا ہے اور مضبوط ٹیموں کی شمولیت کے امکانات کم کرتا ہے۔
128 سال بعد کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی ہونے جا رہی ہے، جہاں مینز اور ویمنز دونوں کی 6،6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ خواتین ٹیموں کے کوالیفکیشن کا فیصلہ 2026 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (IOC) نے آئی سی سی کے مجوزہ ریجنل کوالیفائنگ فارمیٹ کی حمایت کر دی ہے۔