ویب ڈیسک: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے عالمی اقتصادی جائزہ رپورٹ 2025 جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کی معاشی شرحِ نمو مالی سال 2025-26 میں حکومتی ہدف سے کم رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی متوقع شرح نمو 3.6 فیصد ہوگی، جبکہ حکومت نے 4.2 فیصد کا ہدف مقرر کیا ہے۔
رپورٹ میں عالمی معیشت کے حوالے سے بھی اہم اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق سال 2025 میں عالمی شرح نمو 3 فیصد جبکہ 2026 میں 3.1 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ عالمی سطح پر مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ سال 2025 میں مہنگائی کی اوسط شرح 4.2 فیصد جبکہ 2026 میں کم ہو کر 3.6 فیصد تک آ سکتی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق امریکہ میں سال 2025 میں افراطِ زر اپنے ہدف سے زائد رہے گا، تاہم دیگر بڑی معیشتوں میں مہنگائی کی شرح نسبتاً کم رہے گی۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی معیشت کو اب بھی متعدد خطرات لاحق ہیں، جن میں جغرافیائی کشیدگی، غیر یقینی مالی حالات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ شامل ہیں۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات کامیاب رہے تو اس سے عالمی ترقی کی رفتار بہتر ہو سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک نے اضافی محصولات میں 90 دن کی نرمی کا اعلان کیا ہے، تاہم یہ مدت یکم اگست کو ختم ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر عالمی سطح پر مالیاتی عدم استحکام بڑھا، تو اس کے اثرات ترقی پذیر معیشتوں پر شدید مرتب ہو سکتے ہیں۔