(ویب ڈیسک ) ڈیفنس فیز 6 میں مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
حمیرا اصغر کے فلیٹ سے حاصل کیے گئے نمونوں کی رپورٹ سامنے آگئی۔ رپورٹ کے مطابق فلیٹ سے 6 سیمپل اکٹھے کیے گئے، جن میں 5 پیالوں سے حاصل کردہ سیمپل سفید سفوف شامل تھا، جب کہ چھٹا نمونہ کچن میں رکھا نمک تھا۔
رپورٹ کے مطابق پانچوں پیالوں میں موجود سفوف سمندری نمک نکلا، جو عام طور پر بدبو کم کرنے اور کیڑے مکوڑوں کو دور رکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ تاہم کچن میں موجود نمک اس سے مختلف پایا گیا۔
تحقیقاتی افسران کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں مزید پیش رفت کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے ملی تھی، جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان عدالتی بیلف کے ساتھ پہنچا، اور دروازہ نہ کھلنے پر زبردستی اندر جا نے پر لاش برآمد ہوئی۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ کی لاش انتہائی حد تک گل سڑ چکی تھی اور موت کو تقریباً 8 ماہ گزر چکے تھے۔
تفتیشی حکام کے مطابق حمیرا اصغر مالی مشکلات کا شکار تھیں، ان کا آخری کمرشل شوٹ ستمبر 2024 میں ہوا جبکہ وہ اکتوبر 2024 میں بھی کام کے حوالے سے لوگوں سے رابطے میں تھیں۔