ویب ڈیسک: سینئر اداکارہ حمیرا بانو اور اداکار عثمان پیرزادہ نے اپنی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کردی۔
حمیرا بانو نے اگست میں اپنی شادی کی خبر مداحوں سے شیئر کی تھی، تاہم شوہر کا چہرہ ظاہر نہ کرنے کے باعث سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
بعد ازاں بعض سوشل میڈیا پیجز اور یوٹیوب چینلز نے دعویٰ کیا کہ حمیرا بانو نے عثمان پیرزادہ سے شادی کرلی ہے اور عثمان پیرزادہ نے اپنی اہلیہ ثمینہ پیرزادہ کو طلاق دے دی ہے۔
عثمان پیرزادہ نے ایک پروگرام میں ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صرف ایک ہی اہلیہ ہیں اور وہ دعا کرتے ہیں کہ وہ آئندہ 50 برس تک ان کی شریکِ حیات رہیں۔
انہوں نے جھوٹی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ حمیرا بانو کے ساتھ ان کا نام کیوں جوڑا گیا۔ ان کے مطابق افواہوں سے انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم ان کے حقیقی مداح ضرور پریشان ہوئے اور انہیں متعدد فون کالز موصول ہوئیں۔
دوسری جانب حمیرا بانو نے بھی عثمان پیرزادہ اور اداکارہ عظمیٰ طاہر کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران ان تمام دعوؤں کی تردید کردی۔