(ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ تاریخی ترک ڈرامہ سیریل ’ کورولوش عثمان‘ میں ’ میخائل کوسس‘ کے یادگار کردار سے دل جیتنے والے ترکیہ کے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ اپنے فلیٹ میں پراسرار حالت میں مردہ پائے گئے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ استنبول کے ضلع کاگیتھانے (Kağıthane) میں واقع ان کے نجی اپارٹمنٹ میں پیش آیا، جہاں 5 ستمبر کو ان کی قریبی دوست اوزلم ای نے انہیں بے جان حالت میں دیکھا۔
رپورٹ کے مطابقاداکار کی دوست اوزلم ای نے بتایا کہ وہ 3 ستمبر سے سرحات کیلیچ سے رابطے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم بارہا کالز کے باوجود جب کوئی جواب نہ ملا تو تشویش کے عالم میں وہ خود ان کی رہائش گاہ پہنچ گئیں۔
قریبی دوست نے بتایا کہ گھر میں داخل ہونے پر انہوں نے دیکھا کہ 51 سالہ اداکار کمرے میں رکھی ایک کرسی پر بے حس و حرکت بیٹھے ہیں اور ان کی سانسیں بند ہیں۔ صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے انہوں نے فوری طور پر ریسکیو اور ہنگامی خدمات کو طلب کیا۔
تاہم جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پیرامیڈیکس اور ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اداکار کے جاں بحق ہونے کی باضابطہ تصدیق کر دی۔
اوزلم ای کے مطابق سرحات کیلیچ لیمفاٹک کینسر (Lymphatic Cancer) کے مرض سے لڑ رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کے ابتدائی معائنے میں جسم پر تشدد یا کسی قسم کے زخموں کے نشانات نہیں ملے۔ تاہم، موت کی اصل اور حتمی وجہ جاننے کے لیے میت کو فرانزک اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 1975 میں پیداہونے والے سرحات مصطفیٰ کیلیچ نے اپنے شاندار فنی سفر کا آغاز 1998 میں تھیٹر کی دنیا سے کیا۔ 2014 میں ان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ فلم ’کِش یویکوسو‘ (Winter Sleep) نے دنیا کے سب سے معتبر 'کانز فلم فیسٹیول' میں پام ڈی اور (Palme d'Or) ایوارڈ جیتا۔ بعد ازاں انہوں نے ’سوز‘ (Söz)، ’ کورولوش عثمان‘ اور ’سلطان محمد فاتح‘ جیسے سپرہٹ ٹی وی ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کا لوہا منوایا، جس کی بدولت وہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے ناظرین میں بے حد مقبول تھے۔ ا
ن کی ناگہانی موت پر دنیا بھر میں موجود ان کے مداح گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔