اب انٹرنیٹ اور  موبائل سروس کے بغیر بھی چیٹ ممکن ، نئی ایپ آگئی

اب انٹرنیٹ اور  موبائل سروس کے بغیر بھی چیٹ ممکن ، نئی ایپ آگئی

(ویب ڈیسک )  ٹوئٹر اور بلاک کے بانی جیک ڈورسی کی جانب سے نئی میسجنگ ایپ Bitchat آئی او ایس اسٹور پر دستیاب کردی گئی  ہے ،جس سے  بغیر انٹرنیٹ یا موبائل سروس کے بھی پیغامات بھیجے جا سکتے ہیں ۔

یہ ایپ Bluetooth mesh network کے ذریعے کام کرتی ہے، جس کی مدد سے قریبی 100 میٹر کی حدود میں موجود افراد سے رابطہ ممکن ہے، بغیر موبائل سگنل یا وائی فائی کے۔

ڈورسی نے بتایا کہ انہوں نے جولائی کے اوائل میں صرف ایک ویک اینڈ میں اس ایپ کا بنیادی کوڈ تیار کیا۔ ایپ کا یوزر انٹرفیس انتہائی سادہ ہے، اس میں نہ کوئی لاگ ان سسٹم ہے اور نہ ہی رجسٹریشن؛ صارفین ایپ کھولتے ہی براہ راست چیٹ باکس میں داخل ہو  جاتے ہیں  اور اپنی مرضی سے ڈسپلے نام سیٹ کر سکتے ہیں ۔

اگرچہ ڈورسی کے نام کی وجہ سے ایپ کو خاصی توجہ مل رہی ہے، لیکن بلوٹوتھ پر مبنی میسجنگ ایپس کوئی نیا تصور نہیں۔ ایسی ایپس میوزک فیسٹیولز یا قدرتی آفات کے بعد بھی استعمال ہوتی ہیں، جہاں سیل سروس بند ہو سکتی ہے۔ Bridgefy جیسی ایپس ہانگ کانگ کے جمہوریت پسند مظاہروں میں مقبول رہیں۔

ڈورسی نے Bitchat کو ایک محفوظ اور نجی میسجنگ پلیٹ فارم قرار دیا، تاہم سیکیورٹی ماہر ایلیکس نے خبردار کیا ہے کہ اس ایپ میں کسی کو بھی آسانی سے دوسرے کا بھیس دھارنے کی گنجائش ہے، جو سیکیورٹی خدشات کو جنم دیتی ہے۔

ایلیکس نے کہا کہ  "کریپٹوگرافی میں تفصیلات بہت اہم ہوتی ہیں، vibes سے بھرپور ایپ بھی اندرونی طور پر ناکام ہو سکتی ہے۔"

ڈورسی نے اعتراف کیا ہے کہ Bitchat نے ابھی تک کسی بیرونی سیکیورٹی ریویو سے نہیں گزری، اس لیے اس میں سیکیورٹی خامیاں ہو سکتی ہیں۔

فی الحال یہ ایپ صرف iOS پر دستیاب ہے، جبکہ اینڈرائیڈ صارفین اسے GitHub سے حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم گوگل پلے اسٹور پر جعلی Bitchat ایپس بھی دستیاب ہیں، جنہیں ہزاروں بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا ہے۔ ڈورسی نے ان جعلی ایپس پر براہ راست تبصرہ نہیں کیا، مگر ایک صارف کے X (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کو ری پوسٹ کیا جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ "Bitchat ابھی گوگل پلے پر دستیاب نہیں، جعلی ایپس سے بچیں"۔

Watch Live Public News