ویب ڈیسک: یومِ آزادی کے مہینے اگست میں سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین اور طلبہ کو سرکاری تعطیلات، ہفتہ وار چھٹیوں اور طویل ویک اینڈ کی صورت میں معمول سے زیادہ آرام کا موقع ملنے کا امکان ہے۔
2026 کے کیلنڈر کے مطابق اگست میں وفاقی حکومت کی دو عام تعطیلات متوقع ہیں۔ چونکہ اس ماہ میں پانچ ہفتے مکمل ہو رہے ہیں، اس لیے ہفتہ اور اتوار بھی پانچ، پانچ مرتبہ آئیں گے، جس سے ہفتہ وار تعطیلات کی مجموعی تعداد 10 ہو جائے گی۔
جن سرکاری اور نجی اداروں میں ہفتہ اور اتوار دونوں دن تعطیل ہوتی ہے، وہاں ملازمین کو مجموعی طور پر 12 چھٹیوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکتا ہے۔ دوسری جانب جن دفاتر میں صرف اتوار کی تعطیل ہوتی ہے، وہاں ملازمین کو پانچ اتوار اور دو سرکاری تعطیلات ملا کر مجموعی طور پر 7 دن کی چھٹی ملنے کا امکان ہے۔
اگست کی سب سے اہم سرکاری تعطیل 14 اگست، یومِ آزادی کی ہوگی، جو اس سال جمعہ کے روز آئے گی۔ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات کے باعث متعدد ملازمین اور طلبہ کو 14 سے 16 اگست تک مسلسل تین روزہ طویل ویک اینڈ میسر آئے گا۔
اس کے علاوہ اگست میں دوسری متوقع عام تعطیل عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہوگی۔ موجودہ قمری کیلنڈر کے مطابق 12 ربیع الاول 25 اگست کو متوقع ہے، تاہم اس تاریخ کا حتمی انحصار چاند کی رویت پر ہوگا۔
اگر یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوا تو 12 ربیع الاول 26 اگست، بروز بدھ، کو ہوگی۔ تاہم عید میلاد النبی ﷺ کی سرکاری تعطیل کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا، جس کے بعد وفاقی حکومت باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
حتمی سرکاری تعطیلات کا اطلاق وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ہوگا۔