پاکستانی طلبہ کیلئے امریکا کی ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا شاندار موقع

پاکستانی طلبہ کیلئے امریکا کی ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا شاندار موقع
کیپشن: پاکستانی طلبہ کیلئے امریکا کی ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا شاندار موقع

ویب ڈیسک: ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے یو ایس-پاکستان نالج کوریڈور کے تحت 2027 کے داخلوں کے لیے امریکا کی ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق یہ اسکالرشپس پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر (آزاد کشمیر) کے شہریوں کے لیے ہیں، جن کے پاس کم از کم 16 سالہ تعلیم (چار سالہ بیچلر یا مساوی ڈگری) ہو اور پورے تعلیمی کیریئر میں سیکنڈ یا تھرڈ ڈویژن نہ ہو۔ امیدوار کسی دوسری اسکالرشپ سے مستفید نہ ہو، جبکہ عمر کی حد 35 سال مقرر کی گئی ہے۔ تاہم سرکاری ملازمین، سرکاری جامعات کے اساتذہ اور محققین کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 40 سال ہوگی۔

اسکالرشپ دو کیٹیگریز میں فراہم کی جائے گی۔ کیٹیگری اول امریکا کی QS عالمی درجہ بندی میں شامل ٹاپ 50 جامعات کے لیے ہے، جس میں مکمل ٹیوشن فیس، سالانہ 19 ہزار 200 ڈالر وظیفہ اور 2 ہزار ڈالر سالانہ ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔

کیٹیگری دوم امریکا کی QS رینکنگ میں 51 سے 100 نمبر تک آنے والی جامعات کے لیے ہے، جس کے تحت سالانہ 12 ہزار ڈالر تک ٹیوشن فیس، 19 ہزار 200 ڈالر سالانہ وظیفہ اور 2 ہزار ڈالر ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔

دونوں کیٹیگریز کے لیے امیدوار کا متعلقہ امریکی یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنا لازمی ہوگا، جبکہ GRE میں کم از کم 300 یا HEC HAT ٹیسٹ میں کم از کم 60 فیصد نمبر درکار ہوں گے۔

ایچ ای سی کے مطابق بہار/موسمِ گرما 2027 کے داخلوں کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026 جبکہ خزاں 2027 کے داخلوں کے لیے 30 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ اسکالرشپ صرف براہِ راست پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے ہے، ماسٹرز لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام اس میں شامل نہیں۔ تمام درخواستیں صرف ایچ ای سی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی، جبکہ یونیورسٹیوں کی اہلیت کے لیے QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2027 کو بنیاد بنایا جائے گا۔

Watch Live Public News