(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاور سیکٹر کی بہتری کے لئے ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے،ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب ناگزیر ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاور ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں پاور سیکٹر اصلاحات ، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی بہتر کارکردگی پر وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکیرٹری پاور ڈویژن فخر عالم اور پاور سیکٹر ٹاسک فورس کی پزیرائی کی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ، پاور سیکٹر کی بہتری کے لئے ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے ؛ ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب ناگزیر ہے،بجلی چوری کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے پاور سیکٹر میں ہر سطح پر سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بلنگ سسٹم کا ٹیکنیکل آڈٹ کروانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی جانچنے کے لئے کی پرفارمینس انڈیکیٹرز ترتیب دینے اورٹائم لائن کے ساتھ مربوط اہداف متعین کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بہترین کارکردگی والی ڈسکو کو اعزاز سے نوازا جائے گا ،دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے گاؤں کی سطح پر شمسی توانائی (سولرآئزیشن) کے منصوبے تیار کیے جائیں۔
اجلاس کو بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا تکنیکی اور کمرشل نقصان بتدریج کم ہورہا ہے،پچھلے مالی سال میں ٹرانسمشن اور ڈسٹریبیوشن لاسز کی مد میں سب سے کم نقصان اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالا کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہوا ۔مالی سال 2025-2026 میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے 100 فیصد ریکیوریاں کیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی چوری روکنے، ریکوری بہتر بنانے، تکنیکی مسائل کا بہتر حل کرنے میں مدد کے لئے حیدرآباد، سکھر، لاہور، ملتان اور ہزارہ کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں ڈسکو سپورٹ یونٹس کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے،ٹرانسفامر کی سطح پر ایسیٹ پرفارمینس مینیجمینٹ سسٹم کی تنصیب کے لئے پہلا مرحلہ 30 ستمبر 2026 تک مکمل ہو گا،اے پی ایم ایس سے مربوط ٹرانسفارمر کی تنصیب سے بجلی چوری اور لوڈ شیڈنگ کم کرنے میں مدد ملے گی،ملتان، لاہور، پشاور، ہزارہ اور کوئٹہ کے ریجننز میں 16.2 ملین سنگل فیز اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ زیر غور ہے ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، افواج وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی , چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز پولیس متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔