سندھ حکومت نے دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 1 ماہ کی توسیع کردی

سندھ حکومت نے دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 1 ماہ کی توسیع کردی

(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ  نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، پابندی یکم اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق پورے صوبہ سندھ پر ہوگا۔سندھ بھر میں جلسوں، جلوسوں، احتجاج، دھرنوں اور ریلیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔

وال چاکنگ، مظاہروں اور عوامی اجتماعات پر بھی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش پر عائد پابندی میں بھی مزید ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق  عوامی امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، رجسٹرڈ پرائیویٹ سکیورٹی کمپنیوں کے گارڈز کو صرف دورانِ ڈیوٹی اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی، پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کو گاڑیوں میں سفر کے دوران اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی،گارڈز گشت یا عوامی مقامات پر کھلے عام اسلحہ کی نمائش نہیں کرسکیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلحہ صرف ڈیوٹی کی جگہ تک محدود رکھا جائے گا، عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے والی اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی برقرار رہے گی،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 اور دفعہ 188 پاکستان پینل کوڈ کے تحت کارروائی ہوگی، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو خلاف ورزی پر مقدمات درج کرنے کے اختیارات دے دیے گئے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن تمام متعلق اداروں کو ارسال کردیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن کے دستخط کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ  امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پابندی میں توسیع ناگزیر تھی۔

Watch Live Public News