ویب ڈیسک: گوجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں زہریلا کھانا کھانے سے معروف انٹرنیشنل کبڈی کھلاڑی نوید پہلوان کی دو کم سن بیٹیاں جان کی بازی ہار گئیں، جب کہ والدین سمیت خاندان کے تین دیگر بچے اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب نوید پہلوان نے گزشتہ شب اہلِ خانہ کے ہمراہ ایک نجی فوڈ پوائنٹ سے کھانا کھایا۔ کھانے کے کچھ دیر بعد ہی تمام افراد کی حالت بگڑ گئی، جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
بدقسمتی سے 7 سالہ نور فاطمہ اور 4 سالہ جنت جانبر نہ ہو سکیں اور اسپتال میں دم توڑ گئیں۔ دیگر متاثرین، جن میں نوید پہلوان، ان کی اہلیہ اور تین بچے شامل ہیں، تاحال تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
افسوسناک واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ فوڈ پوائنٹ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی شواہد کے مطابق خوراک میں ممکنہ زہریلا مواد شامل ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں میں واقعے پر گہرے دکھ اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی نوید پہلوان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔