سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ایئرکنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھے نمازِ جنازہ ادا کرنے کی ویڈیو

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ایئرکنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھے نمازِ جنازہ ادا کرنے کی ویڈیو

ویب ڈیسک: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سینیئر سیاستدان میاں منظور احمد وٹو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں انہیں نمازِ جنازہ کے دوران ایئرکنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھے ہوئے دکھایا گیا، جب کہ دیگر افراد شدید گرمی میں صفوں میں کھڑے ہو کر نماز ادا کررہے تھے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شدید عوامی تنقید کا نشانہ بن رہی ہے۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ نمازِ جنازہ ادا کی جا رہی ہے، جبکہ میاں منظور وٹو اپنی گاڑی میں موجود ہیں جو کہ بظاہر صفِ اول میں کھڑی ہے۔

اس منظر کو دیکھتے ہوئے متعدد صارفین نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر وہ شرکت کے خواہشمند تھے تو گاڑی کو پیچھے کھڑا کرکے ویل چیئر یا کرسی کا استعمال کیا جا سکتا تھا۔

صارفین نے منظور وٹو کے طرز عمل کو طاقتور اشرافیہ کی علامت قرار دیا ہے، جو خود کو عوام سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ایسی حرکتیں عام آدمی اور اشرافیہ کے درمیان فرق کو مزید نمایاں کرتی ہیں۔

میاں منظور وٹو جو ماضی میں پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور وزیر اعلیٰ جیسے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر عوامی تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔

Watch Live Public News