پیپلز پارٹی رہنما غلام نبی مگسی اور اہلیہ کو قتل کر دیا گیا

پیپلز پارٹی رہنما غلام نبی مگسی اور اہلیہ کو قتل کر دیا گیا
کیپشن: پیپلز پارٹی رہنما غلام نبی مگسی اور اہلیہ کو قتل کر دیا گیا

ویب ڈیسک: ٹنڈو محمد خان میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مقامی رہنما غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ کے قتل کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے بھائی اکرم مگسی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں پانچ نامزد جبکہ دو نامعلوم ملزمان کو شامل کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق نامزد ملزمان میں ابراہیم مگسی، اسد مگسی، فیاض مگسی سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق غلام نبی مگسی چند روز قبل اپنی اہلیہ اور دیگر اہلِ خانہ کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ گھات لگائے مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کی بھتیجی شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر دیرینہ دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تفتیش تمام ممکنہ پہلوؤں سے جاری ہے۔ پولیس نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا بھی یقین دلایا ہے۔

Watch Live Public News