پشاور : خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے تھانہ صدر پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس ( ڈی ایس پی ) سمیت چار اہلکار شہید ہو گئے ۔ پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پولیس سٹیشن صدر لکی مروت پر حملہ کیا اور مدد کیلئے پہنچنے والی بکتر بند گاڑی کو بم کے ذریعے سے نشانہ بنایا ہے ، ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 اہلکار گاڑی میں سوار تھے جو حملے کے نتیجے میں شہید ہو گئے ۔ پولیس حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں چھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جب کہ حملے سے پولیس سٹیشن کا کچھ حصہ بھی منہدم ہوا ہے جس کے باعث چند اہلکار ملبے تلے دب گئے ۔ شہید اہلکاروں میں علی مرجان ، وقار ، کرامت جب کہ زخمیوں میں ہیڈ کانسٹیبل فاروق،کانسٹیبل گلتیاز،اصغر،امانت اللہ،عارف اور سردار علی شامل ہیں ۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ حملے میں ملوث تمام دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔