مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کا 31واں روز: ایران کے اہم امریکی تنصیبات پر کامیاب حملے

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کا 31واں روز: ایران کے اہم امریکی تنصیبات پر کامیاب حملے
کیپشن: مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کا 31واں روز: ایران کے اہم امریکی تنصیبات پر کامیاب حملے

ویب ڈیسک: امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جاری جنگ 31ویں روز میں داخل ہو گئی ہے، جس کے دوران حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق تبریز میں واقع ایک پیٹروکیمیکل پلانٹ کو امریکا اور اسرائیل کے حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور کسی خطرناک یا زہریلے مادے کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی۔

ایرانی ذرائع کے مطابق حالیہ حملوں کے نتیجے میں ایران میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 76 تک پہنچ چکی ہے، جن میں 216 بچے اور 250 طلبہ و اساتذہ شامل ہیں، جبکہ 26 ہزار 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ حملوں میں سینکڑوں طبی، انتظامی، ثقافتی اور تعلیمی مراکز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ادھر لبنان میں بھی اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں مسلسل بمباری اور گولہ باری کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 1100 سے تجاوز کر گئی ہے، ہزاروں افراد زخمی جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

تہران اور کرج میں بجلی متاثر
حملوں کے بعد تہران اور صوبہ البرز کے شہر کرج کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، تاہم بعد ازاں بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی۔

ایرانی میزائل حملے اور اسرائیل میں صورتحال
ایران کی جانب سے میزائل حملوں کے بعد اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کا اجلاس مؤخر کر دیا گیا۔ سائرن بجنے پر ارکان اجلاس چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔

اسرائیل کی امریکا کو پیشکش
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو اپنے ملک میں مستقل فوجی اڈے قائم کرنے کی پیشکش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ خطے میں موجود امریکی اڈوں کو اسرائیل منتقل کرنے اور نئے فوجی کمپلیکس قائم کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

سعودی عرب میں امریکی اڈے پر حملہ
ایرانی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں واقع ایک امریکی زیر استعمال فضائی اڈے کو میزائل اور ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس میں مہنگے فوجی طیارے اور دیگر اثاثے متاثر ہوئے۔ حملے میں بیلسٹک میزائلوں اور درجنوں ڈرونز کے استعمال کی اطلاعات ہیں۔

ایرانی عسکری قیادت کا سخت بیان
خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج کو اس جنگ میں تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خطہ امریکی افواج کے لیے خطرناک ثابت ہوگا اور ان کے فیصلے انہیں مزید مشکلات میں دھکیل رہے ہیں۔

مجموعی طور پر خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور کسی فوری حل کے آثار نظر نہیں آ رہے۔

Watch Live Public News