ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا، جبکہ کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں ایندھن کے موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایندھن بچت اقدامات پر عملدرآمد اور سادگی مہم کی پیشرفت سے متعلق انٹیلی جنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ ادویات کا بھی وافر ذخیرہ موجود ہے، جبکہ بڑی گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے کے باوجود جیٹ فیول کی قیمتوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں قربانی کا آغاز حکومتی اخراجات میں کمی سے کیا گیا، جس کے تحت ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر بند کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کیا گیا اور بچت سے حاصل ہونے والی رقم کو عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کمزور اور متوسط طبقے کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کے باعث ایندھن کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آنے دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی سطح پر بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔