نواز شریف کی بطور صدر ن لیگ بحالی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیدی گئی

نواز شریف کی بطور صدر ن لیگ بحالی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیدی گئی
لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو پارٹی صدارت پر بحال کرنے کیلئے دائر درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عدالتِ عالیہ کے جسٹس علی باقر نجفی نے نواز شریف کو پارٹی صدارت پر بحال کرنے کیلئے دائر درخواست پر اعتراض کی سماعت کی ۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا اور درخواست نا قابلِ سماعت قرار دیدی ۔ گذشتہ روز رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا ۔ رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے اعتراض کیا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نا اہل کیا ہے ، درخواست گزار سپریم کورٹ سے رجوع کریں ۔ رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کا اپنے اعتراض میں یہ بھی کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ سپریم کورٹ کے ماتحت ہے ، سماعت یہاں نہیں ہو سکتی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں آفاق احمد ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں شیخ رشید، عمران خان، وفاقی حکومت ، الیکشن کمیشن اور وزیرِ اعظم کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2017ء میں نواز شریف کو قومی اسمبلی سے نااہل قرار دیا گیا تھا ، عمران خان اور شیخ رشید نے نواز شریف کو سربراہی سے ہٹانے کی درخواست دائر کی تھی ۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 2018ء میں سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ نواز شریف کا درخواست میں مؤقف تھا کہ الیکشن کمیشن نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کو نا اہل قرار دے دیا ہے، مگر عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے نہیں ہٹایا گیا ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت نواز شریف کو پارٹی کی صدارت پر بحال کرنے کا حکم جاری کرے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔