پبلک نیوز: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 9 مئی کے مزید 2 مقدمات میں عدالت نے بری کرنے کا حکم سنادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج 2 مقدمات میں سابق وزیراعظم کو بری کردیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے عمران خان کی بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ناکافی شواہد کی بنیاد پر تھانہ شہزاد ٹاؤن کے دونوں مقدمات سے بری کر دیا۔
اس سے قبل عدالت نے 16 مئی کو 9 مئی سے متعلق کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا، آمنہ علی اور سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ مجاز افسرز نے درج نہیں کرایا، ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم کیے گئے، بانی پی ٹی آئی کو مقدمے سے بری کیا جائے۔