ویب ڈیسک: فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کی فلسطین سے متعلق پالیسی میں کسی قسم کا تضاد یا دوہرا معیار نہیں پایا جاتا۔
جکارتا میں انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبیانتو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران فرانسیسی صدر نے واضح کیا کہ فلسطینیوں کو زبردستی بے گھر کرنے کی اسرائیلی کوششیں ناقابل قبول ہیں اور ان کی سخت مذمت کی جانی چاہیے۔
صدر میکرون نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو مخصوص شرائط کے تحت تسلیم کرنا صرف ایک سیاسی اقدام نہیں بلکہ ایک اخلاقی فریضہ بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک غزہ کی صورتحال میں بہتری نہیں آتی، اسرائیل کے حوالے سے بین الاقوامی مؤقف میں سختی لانا ضروری ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبیانتو نے بھی فلسطین کے دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن صرف اسی صورت ممکن ہے جب فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جائے۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی افواج غزہ میں شدید بمباری اور حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، جن کے نتیجے میں اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔