(ویب ڈیسک ) فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ معرکۂ حق کی کامیابی قومی عزم اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کا مظہر ہے،بھارت کی اشتعال انگیزی اور آبی دہشتگردی ناقابل قبول ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نےکمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے اساتذہ اور طلبا سے خطاب کیا۔آرمی چیف نے آپریشن "بنیان مرصوص" کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قومی قیادت کی رہنمائی میں پاکستانی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے فولادی دیوار بن گئی۔ معرکۂ حق کی کامیابی قومی عزم اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کا مظہر ہے،بھارت کی اشتعال انگیزی اور آبی دہشتگردی ناقابل قبول ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل ضروری ہے، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، انسداد دہشتگردی مہم کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ نوجوان افسران کو جدید سوچ، تحقیق اور پیشہ ورانہ لگن سے کام کرنا ہوگا، تربیت مستقبل کے جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونی چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔