وزیر اعظم ، وزیر داخلہ کی سوارب میں معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت

وزیر اعظم ، وزیر داخلہ کی سوارب میں معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوارب میں معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف  نے سوارب، بلوچستان میں دھشتگردی پھیلانے والے عناصر کی جانب سے بینک، معصوم شہریوں اور انتظامیہ کے افسران پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے  دہشت گردوں سے اپنے علاقے کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعظم  نے شہید کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور صبر کی دعا کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  بزدل دہشتگردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا،شرانگیزی میں ملوث بزدل دہشتگردوں کا معصوم شہریوں اور انکی املاک پر حملہ انکی عوام دشمن اور بلوچستان کی ترقی کے خلاف سوچ کی کھلی و واضح عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  دہشتگردوں کے ارض وطن سے صفائے تک انکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے دھشتگردوں کے سے لڑتے ہوئے بہادری کی اعلی مثال قائم کی، پوری قوم کی ہمدردیاں ہدایت اللہ بلیدی شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  افواج پاکستان بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں دھشتگردی پھیلانے والی پراکسیوں کے سد باب کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، بھارتی سر پرستی میں ارض وطن میں دھشتگردی پھیلانے والے عناصر کے ملک سے مکمل صفائے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیرِ اعظم  نے واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت: 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے سوراب میں   فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں  کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی  نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی کو خراج عقیدت  پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ  شہید افسر ہدایت بلیدی نے جان دے کر فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی۔ شہید افسر ہدایت بلیدی کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔  شہید افسر ہدایت بلیدی کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔  فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے  بزدلانہ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ  فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے سرکاری افسر پر حملہ اور املاک کو آگ لگا کر ریاستی رٹ کو چیلنج کیا ہے۔ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو ڈھونڈ کر عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے۔  بزدل دشمن ہر محاذ پر شکست کے بعد سافٹ اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے۔ 

Watch Live Public News