آن لائن محبت میں دھوکہ، مشہور کھلاڑی لاکھوں یورو سے محروم

آن لائن محبت میں دھوکہ، مشہور کھلاڑی لاکھوں یورو سے محروم
روم: (ویب ڈیسک) اٹلی کے مشہور والی بال کھلاڑی روبرٹو کازانیگا آن لائن فراڈ کا شکار ہو گئے ہیں۔ دراصل جس خاتون کو برازیلین ماڈل سمجھ کر وہ فون پر گھنٹوں باتیں کرتے تھے، وہ کوئی اور نکلی، جب حقیقت سامنے آئی تو رابرٹو کے ہوش اڑ گئے۔ ایلیسنڈرا ایمبروسیو نامی ماڈل، جس سے روبرٹو کازانیگا آن لائن ڈیٹنگ کر رہے تھے، 50 سال کی کوئی اور خاتون تھی۔ روبرٹو کازانیگا کا خیال تھا کہ وہ انٹرنیٹ پر برازیلین ماڈل ایلیسنڈرا ایمبروسیو سے ڈیٹنگ کر رہے ہیں، حالانکہ وہ کبھی اس سے نہیں ملے تھے۔ جب بھی رابرٹو اس خاتون سے ملنے کی کوشش کرتے تو وہ بیماری جیسے کئی بہانے بنانے لگتی۔ ایک اطالوی ٹی وی چینل پر روبرٹو کازانیگا نے بتایا کہ 2008ء میں ایک دوست نے انہیں ایک لڑکی کا نمبر دیا جس کا نام ”مایا” تھا۔ رابرٹو جلد ہی اس کی باتوں میں آگئے اور دھوکہ دہی کا نشانہ بنتے چلے گئے۔ اس زبردست دھوکے کے بعد رابرٹو کازانیگا نے کہا کہ میں اس فراڈ کی وجہ سے بہت زیادہ قرض میں ڈوب چکا ہوں، اس صدمے سے نکلنا میرے لیے آسان نہیں ہے۔ رابرٹو کے مطابق اب تک لاکھوں یورو کی رقم اس خاتون کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر چکے ہیں۔ رابرٹو کازانیگا نے بتایا کہ اسے اس عورت کی آواز سے پیار ہو گیا تھا، اس لیے وہ روز اس سے بات کرتے۔ جب معاملہ سامنے آیا تو معلوم ہوا کہ اس دھوکے میں 3 لوگ ملوث ہیں۔ اس آن لائن فراڈ میں رابرٹو کازانیگا کی دوست مینویلا، اس کا فرانسیسی بوائے فرینڈ اور سارڈینیا سے تعلق رکھنے والی والیریا نامی 50 سالہ خاتون ملوث ہے جس نے فون پر الیسنڈرا بن کر اسے دھوکہ دیا۔