ویب ڈیسک: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی خراب صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کا خط ارسال کیا ہے۔
80 سالہ بیگم خالدہ ضیا طویل عرصے سے متعدد سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں، جن میں دل کے امراض، ذیابیطس، گٹھیا، جگر کی خرابی اور گردوں کے مسائل شامل ہیں۔ گزشتہ اتوار انہیں سانس کی شدید تکلیف کے باعث فوری طور پر ڈھاکا کے ایور کیئر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ کورونری کیئر یونٹ میں زیر علاج ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت میں تھوڑی بہتری آئی ہے، تاہم ان کی صحت اب بھی نازک ہے، اور گردوں کے مسائل کے باعث انہیں مسلسل ڈائیلاسز کرنا پڑا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں بیگم خالدہ ضیا کی بیماری پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کی حکومت و عوام کی جانب سے ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات ارسال کیں۔ انہوں نے ان کی بنگلہ دیش کی ترقی میں خدمات کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف خالدہ ضیا کو گلابوں کا گلدستہ بھی بھیج چکے ہیں تاکہ ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا سکے۔ ان کے خاندان اور بی این پی رہنماؤں کے مطابق علاج جاری ہے، اور بیرون ملک علاج کے بارے میں فیصلہ میڈیکل ٹیم کی سفارش پر کیا جائے گا۔