ویب ڈیسک: بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 27 اکتوبر کو کھیلا گیا ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک دلچسپ واقعے نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے آخری اوور میں بنگلا دیشی بلے باز تسکین احمد نے زوردار چھکا مارا لیکن اس شاٹ سے نہ صرف ان کی محنت رائیگاں گئی بلکہ وہ اسی گیند پر آؤٹ بھی ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے آخری اوور میں بنگلا دیش کو جیت کیلئے 3 گیندوں پر 17 رنز درکار تھے اور ایک وکٹ باقی تھی۔ اس موقع پر تسکین احمد نے شاندار شاٹ کھیل کر گیند کو لیگ سائیڈ باؤنڈری کے پار پہنچایا، اسی دوران شائقین اور ٹی وی دیکھنے والوں نے خوشی کا اظہار کیا تاہم ری پلے دیکھنے کے بعد لوگوں کی خوشی مایوسی میں بدل گئی۔
ری پلے سے معلوم ہوا کہ شاٹ کھیلتے ہوئے تسکین احمد کا بیک فٹ اسٹمپ سے ٹکرا گیا تھا اور بیلز گر گئی تھیں جس کے بعد امپائر نے انہیں فوری طور پر ہٹ وکٹ قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلا دیش کو جیت کیلئے 166 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں بنگلا دیش کی ٹیم 19.4 اوورز میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔