ویب ڈیسک: پاک فوج نے باجوڑ میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو بروقت نشانہ بنایا۔ کارروائی میں 4 خوارج ہلاک، جن میں اعلیٰ کمانڈر امجد عرف مزاحم بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد امجد، خوارج کے سربراہ نور ولی کا نائب اور رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ امجد پر حکومت نے 50 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔ امجد افغانستان میں رہ کر پاکستان میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دراندازی کی کوششیں کر رہے ہیں۔ خوارج کا مقصد پاکستان میں موجودگی کا تاثر دینا اور اپنے حوصلے بلند کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے افغان عبوری حکومت دہشتگردوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرے۔ افغان سرزمین تاحال دہشتگردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کر دیا ہے۔ آپریشن "عزمِ استحکام" کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاک فوج نے عزم دہرایا کہ قوم کی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کی جائے گی۔