(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت ہونے والا پہلا چالان معاف کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر آئی جی پولیس نے رپورٹ پیش کی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت 35 سرکاری گاڑیوں کا چالان کیا ہے۔سیٹ بیلٹ، جمپنگ ریڈ لائیٹس، ٹینڈ گلاسز اور موبائل کے استعمال پر گاڑیوں کا ای-چالان ہوا۔
بریفنگ میں ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت پولیس کی سرکاری گاڑی ایس پی ای 950 کو سیٹ بیلٹ خلاف ورزی پر چالان کیا، ڈرائیور نے گارڈن لیاری ایکسپریس وے پر 2 مقامات پر سیٹ بیلٹ نہیں باندھی تھی، ای ٹکٹنگ سسٹم نے خودکار کارروائی کرتے ہوئے خلاف ورزی پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ سے پہلے ای-چالان کی تفصیلات طلب کی۔ آئی جی غلام نبی نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ای چالان ہونے پر 10 یوم میں رابطہ کر کے معافی کے ساتھ فیس معاف ہوسکتی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے پہلے چالان کی معافی کی ہدایت جاری کردی ہے،لیکن جو دوبارہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اس کو چالان ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی حفاظت کی خاطر ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، سندھ پولیس کا جدید ای ٹکٹنگ سسٹم مؤثر ثابت ہو رہا ہے، تمام شہریوں کے مساوی حقوق ہیں، قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔