(ویب ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہونہار طلبہ وطالبات کے لئے لیپ ٹاپ سکیم 2025 ءکا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اے آئی، آئی ٹی، جدید مہارت اورٹیکنالوجیز دنیا میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کے نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے،سعودی ویژن 2030ء اور فیفا ورلڈ کپ کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت سعودی عرب بھجوائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2025ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ خوشی کا دن ہے کہ ایک مرتبہ پھر اللہ تعالیٰ نے مجھے موقع دیا ہےکہ قوم کے انتہائی قابل اور ہونہار بچوں کے سامنے کھڑا ہوں جو والدین اور اساتذہ کرام کی محنت اور دعاؤں کے نتیجے میں قوم کے عظیم معمار بن رہے ہیں، اپنی طرف سے اور اپنی حکومت کی طرف سے بلکہ پوری قوم کی طرف سے اُنہیں سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے پروگرام میں کچھ تاخیر ہو گئی ہے کیونکہ جب یہ لیپ ٹاپ پاکستان پہنچے توان کے اوپر جو لوگو لگا ہوا تھا وہ کسی حوالے سے ذاتی تشہیر کے مترادف تھا تو میں نے کہا کہ اس کے اوپر لگا لوگو مناسب نہیں ہے، لوگو تبدیل کرنا چاہیئے، ملک کے یہ نوجوان، یہ بیٹیاں لیپ ٹاپ لے کر پاکستان کو عظیم بنائیں گی، یہ میرٹ اور شبانہ روز محنت کا امتحان ہے،پورے ملک میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2011ء سے یہ پروگرام شروع ہوا اگر مجموعی قیمت لگائی جائے تو تقریبا 40، 50 ارب روپے خرچ ہو چکے ہوں گے لیکن قوم کے عظیم بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیم، ہنر اور ان کو عظیم پاکستانی بنانے کے لیے 50 ارب کیا 500 ارب بھی خرچ ہو جائیں تو کوئی پرواہ نہیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب لیپ ٹاپ سے بات بہت آگے چلی گئی ہے آج اے آئی، آئی ٹی، جدید مہارت اورٹیکنالوجییز دنیا میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں، سعودی عرب اے آئی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے اور اس نے اربوں ڈالر کا روڈ میپ اور انفراسٹرکچر بنایا ہے، سعودی عرب نے پاکستان نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے ایک نیا راستہ کھلا ہے، سعودی عرب اور پاکستان دو عظیم برادر ملک ہیں ،وہ کہتے ہیں کہ ہمارا جو کچھ ہے وہ پاکستان کے کروڑوں بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہے ۔ سعودی عرب پاکستان کے لیے سب کچھ کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے معاشی پیکج دینے پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے جب ہم سب مل کر اس پر عمل پیرا ہوں گےتو زراعت معدنیات،کانکنی اور آئی ٹی سمیت پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی۔ سعودی عرب میں 2030ء میں ایک بین الاقوامی نمائش ہونے جا رہی ہے وہاں پر 2034ء میں فیفا کپ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے اس کے لیے سعودی عرب کو نہ صرف اربوں ڈالر کی تعمیرات کرنی ہیں بلکہ ان کو ہزاروں لاکھوں انتہائی مہارت کی حامل افرادی قوت کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہوگی اور ایڑی چوٹی کا زور لگا کرہزاروں لاکھوں ہنر مند بچے اور بچیوں کو سعودی عرب بھجوائیں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ وصول کرنے والے طلباء و طالبات نے دن رات محنت کر کے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ نوجوان ذاکر اللہ نے بہت خوبصورت اردو اور عربی میں بات کی میں عربی بولنے میں اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہاں پر قوم کے ایک شہید کے بیٹے سٹیج پہ آئے ان کے والد نے قوم کے بچوں اور بچیوں کو یتیم ہونے سے بچانے کےلئے اپنا خون پاکستان کو دیا اور جام شہادت نوش کیا، شہید نے اپنے بیٹے کو یتیم کر دیا لیکن قوم کے لاکھوں کروڑوں بیٹوں اور بیٹیوں کو یتیم ہونے سے بچایا ،یہ جذبہ شہادت ،جرات، محنت امانت اور دیانت کا سفر ہے۔
وزیراعظم نے لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب کو کامیاب بنانے پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے پاس ذمہ داری ہے، وہ ملک کی نوجوان نسل کی بہتری، اعلی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے جتنے بھی وسائل درکار ہوں گے ،ان کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔ ہم نے ملک کو قرضوں سے نجات دلانا ہے، ملکی وسائل کو استعمال کر کے مل کر پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کے مطابق ایک عظیم ملک بنائیں گے۔