یواےای نے نئی ویزہ پالیسی متعارف کروادی

یواےای نے نئی ویزہ پالیسی متعارف کروادی
کیپشن: یواےای نے نئی ویزہ پالیسی متعارف کروادی

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات نے ویزہ قوانین میں بڑی اصلاحات کرتے ہوئے مختلف نئی اقسام کے ویزے متعارف کروا دیے ہیں، جن کا مقصد غیر ملکی ماہرین، کاروباری افراد اور سیاحوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ ان نئے ویزہ قوانین کو ماہرین خطے میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے آرٹیفیشل انٹیلجنس (اے آئی) کے ماہرین کے لیے خصوصی ویزہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی میں ماہر افراد کو ملک میں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اسی طرح مختلف ایونٹس، فیسٹیولز، نمائشوں، کانفرنسز اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کرنے والے افراد کے لیے ایک نیا ایونٹ ویزہ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بھی نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں۔ اب کروز شپ یا تفریحی شپ کے ذریعے یو اے ای آنے والے سیاحوں کو ملٹی پل انٹری ویزہ دیا جائے گا، جس سے وہ ایک ہی ویزے پر بار بار ملک میں داخل ہو سکیں گے۔

اماراتی حکومت نے انسانی ہمدردی کے تحت بھی بڑے فیصلے کیے ہیں۔ اعلان کے مطابق جنگ یا قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو اسپانسر کے بغیر ایک سالہ رہائشی پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ اسی طرح بیوہ خواتین اور طلاق یافتہ خواتین بھی اب اسپانسر کے بغیر رہائش حاصل کر سکیں گی۔

دوستوں اور رشتہ داروں کے وزٹ ویزے کے لیے بھی نئے ضابطے متعارف کروائے گئے ہیں۔ کسی دوست کو اسپانسر کرنے کے لیے کم از کم 15 ہزار درہم ماہانہ آمدنی ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کاروباری افراد کو بزنس ویزہ صرف مالی ثبوت فراہم کرنے پر جاری کیا جائے گا، جبکہ بیرون ملک کمپنی رکھنے والے افراد کو بھی بزنس ویزہ دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ غیر ملکی ڈرائیورز کے لیے نیا اصول وضع کیا گیا ہے کہ ان کے ویزے صرف لائسنس یافتہ ٹرانسپورٹ کمپنیاں ہی اسپانسر کر سکیں گی۔

یو اے ای کی حکومت کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات سے ملک میں ہنرمند افراد، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا اور خطے کی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔

Watch Live Public News