ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ خان صاحب نے پارٹی میں سب کو متحد ہوکر جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے بانی سے تفصیلی ملاقات نتیجہ خیز رہی۔ اُن کا کہنا تھا کہ بانی نے پارٹی میں سب کو متحد ہوکر جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، بانی نے پارٹی میں اختلافات اور گروہ بندی پیدا کرنے والوں پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
علی امین نے کہا کہ ملاقات میں عمران خان پرعزم نظر آئے، پارٹی معاملات، صوبے میں امن و امان، حکومتی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے باقاعدگی سے ملاقاتیں جاری رکھنے کا اظہار کیا، بانی کی ناراضگی کا اثر ظاہر ہونا شروع ہوگیا، غیر منسلک افراد کو پارٹی امور سے دور رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ بانی کو حکومتی معاملات میں کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی نے حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔