ایشیاکپ فائنل:سلمان علی آغا نے چیک کیوں پھینکا؟ وجہ سامنے آگئی

ایشیاکپ فائنل:سلمان علی آغا نے چیک کیوں پھینکا؟ وجہ سامنے آگئی
کیپشن: ایشیاکپ فائنل:سلمان علی آغا نے چیک کیوں پھینکا؟ وجہ سامنے آگئی

ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے بعد اختتامی تقریب میں پیش آنے والے واقعے کی حقیقت سامنے آگئی ہے، جس میں پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا پر رنرز اپ کا چیک غصے میں پھینکنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تو میچ کے بعد سلمان علی آغا نے اختتامی تقریب میں چیک وصول کرنے کے بعد اسے غصے میں اسٹیج پر پھینک دیا۔ بھارتی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر یہ تاثر دیا گیا کہ پاکستانی کپتان نے جان بوجھ کر بھارتی مہمان کی توہین کی۔

تاہم اصل حقیقت اس پروپیگنڈے کے برعکس ہے۔ جس شخصیت سے آغا سلمان نے چیک وصول کیا وہ بھارتی نہیں بلکہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق آغا سلمان نے چیک پھینکا نہیں بلکہ جلدی میں رکھنے کی کوشش کی، جس سے یہ تاثر ملا کہ وہ غصے میں پھینک رہے ہیں۔

میچ کے بعد گفتگو میں کپتان نے کہا کہ شکست قبول کرنا مشکل ہے لیکن اصل ناکامی بیٹنگ لائن اپ کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بولنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی مگر بیٹنگ میں اسٹرائیک نہ گھمانے اور غیر ذمہ دارانہ شارٹس کھیلنے کی وجہ سے مطلوبہ اسکور تک نہیں پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر بھارت کو 6 اوورز میں 63 رنز درکار تھے اور مجھے لگا کہ میچ ہمارے ہاتھ میں ہے لیکن بھارتی بیٹرز نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ ہم اپنی خامیوں پر قابو پائیں گے اور مزید مضبوط ہو کر لوٹیں گے۔

واضح رہے کہ فائنل کے بعد بھارتی ٹیم نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے تاریخ میں پہلی بار ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی نہ دی جاسکی۔ ماہرین نے اسے کھیل کے بجائے سیاست کو ترجیح دینے کا عمل قرار دیا۔

Watch Live Public News