ویب ڈیسک: سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے اختلافات کے باعث ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ٹوٹ سکتی ہے۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے سی سی کے اندر انڈیا، پاکستان، سری لنکا اور بنگلا دیش 4 اہم ممالک ہیں، پہلے تمام ممالک بھارتی کرکٹ بورڈ کو سپورٹ کرتے تھے اور پاکستان اکیلے رہ جاتا تھا، سارے فیصلے انڈیا ہی کرتا تھا۔ لیکن اب صورتحال مختلف ہے، بنگلا دیش میں حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک میں تعلقات اچھے ہوئے ہیں اور اب وہ پاکستان کا ساتھ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بنگلا دیش اور پاکستان ایک طرف ہوجائیں اور نہ کھیلیں تو ایشیا کپ کیسے رہے گا اور ان کے براڈکاسٹ کے حقوق لینے کون آئے گا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھارت اور سری لنکا نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کی تاریخ اور مقام پر اعتراض کیا تھا اور دونوں ممالک نے اجلاس کسی اور جگہ منعقد کرنے کی تجویز دی تھی تاہم اے سی سی کے چیئرمین محسن نقوی نے اجلاس ڈھاکا میں ہی طلب کیا تھا۔