ویب ڈیسک: ہالی ووڈ کی معروف آسٹریلوی اداکارہ نکول کڈمین اور ان کے شوہر، مشہور کنٹری گلوکار کیتھ اربن نے شادی کے 18 برس بعد علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے خوشگوار انداز میں الگ ہو رہے ہیں۔
نکول کڈمین اور کیتھ اربن کی شادی 2006 میں آسٹریلیا میں ہوئی تھی، جسے شوبز اور میوزک انڈسٹری کی کامیاب ترین شادیاں تصور کیا جاتا تھا۔ اس جوڑے کی دو بیٹیاں ہیں جنہیں وہ اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہیں۔ علیحدگی کے اعلان میں بھی دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کی پرورش اور خوشی کو سب سے مقدم رکھیں گے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے: ”ہم نے ایک دوسرے کی بھرپور عزت اور محبت کے ساتھ یہ فیصلہ کیا ہے، اور یہ سب کچھ اپنی فیملی کے بہتر مستقبل کے لیے کر رہے ہیں۔“
ذرائع کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے دونوں کے درمیان تعلقات میں فاصلے پیدا ہو گئے تھے۔ کیتھ اربن اپنی میوزک کی مصروفیات کے باعث طویل عرصے تک دور رہتے تھے جبکہ نکول کڈمین فلمی پروجیکٹس میں مصروف تھیں۔
اگرچہ شوبز دنیا میں علیحدگی اور طلاق کے واقعات عام سمجھے جاتے ہیں، لیکن کڈمین اور اربن کی جوڑی کو ہمیشہ ایک مضبوط رشتہ تصور کیا جاتا رہا۔ یہی وجہ ہے کہ مداحوں کے لیے ان کی علیحدگی کی خبر ایک دھچکے سے کم نہیں۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی زندگی کے اس نئے مرحلے میں سکون اور خوشی حاصل کریں گے۔
یاد رہے کہ نکول کڈمین اس سے قبل مشہور اداکار ٹام کروز کی اہلیہ بھی رہ چکی ہیں، جن سے ان کی شادی 1990 سے 2001 تک قائم رہی۔