ویب ڈیسک: بالی ووڈ انٖڈسٹری کے معروف اداکار ویویک اوبرائے نے دو دہائیوں بعد اپنے ماضی کے اس باب پر بات کی جو برسوں تک ان کے کیریئر اور ذاتی زندگی پر سایہ فگن رہا۔
2003 میں ویویک اوبرائے کی وہ پریس کانفرنس بالی وُڈ کی تاریخ کے سب سے بڑے تنازعات میں شمار کی جاتی ہے جب انہوں نے ایشوریا رائے کے ساتھ جُڑنے کی خبروں کے بعد سلمان خان پر دھمکیاں دینے کے الزامات لگائے اور میڈیا کے سامنے کھل کر بات کی۔
یہ قدم ان کے لیے مہنگا ثابت ہوا کیونکہ وہ اُس وقت تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہے تھے، مگر تنازع نے ان کا کیریئر پٹری سے اتار دیا۔اب، برسوں بعد، ویویک اس واقعے کو ایک ”غیر ضروری اور ناپختہ ردِعمل“ قرار دیتے ہیں۔
بالی ووڈ اداکار نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہوں نے جذباتی طور پر خود کو بالکل بند کر لیا تھا۔
ویویک نے کہا ’میں ہمیشہ سے حساس اور جذباتی انسان رہا ہوں۔ دل ٹوٹنے کے بعد میں نے خود کو دوسروں سے کاٹ لیا تاکہ دوبارہ وہ درد نہ سہنا پڑے۔ لیکن یہ فطرت کے خلاف تھا۔ انسان کو دوبارہ محبت کے لیے کھلنا ہوتا ہے اور پھر سے جینا اور محسوس کرنا ہوتا ہے۔‘
انہوں نے اعتراف کیا کہ اُس وقت کی تنہائی بہت خوفناک اور اذیت ناک تھی، لیکن وقت نے انہیں یہ سمجھایا کہ یہ مرحلہ بھی گزر جاتا ہے۔ آج ویویک اس دور کو ایک سبق سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا،’جب مشکل وقت سر پر آتا ہے تو سب کچھ بڑا لگتا ہے۔ لیکن بعد میں احساس ہوتا ہے کہ یہ سب خدا کی طرف سے ہمیں مضبوط بنانے کا ایک ذریعہ ہوتا ہے۔
آج میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو سب کچھ کچا اورغیر سنجیدہ لگتا ہے۔ اُس وقت جو ردعمل دیا، اب وہ مضحکہ خیز محسوس ہوتا ہے۔‘
اگرچہ ویویک اب اس تنازع کو بھول چکے ہیں اور کسی کڑواہٹ کو دل میں نہیں رکھتے، لیکن ایک چیز وہ آج بھی نہیں بھول پاتے، اداکار نے بتایا کہ ’ان لمحوں سے آگے بڑھنا سب سے مشکل تھا۔ کیریئر دوبارہ بنایا جا سکتا ہے لیکن والدین کا دکھ بھلانا آسان نہیں۔‘