ویب ڈیسک: ن لیگ کے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں مرکزی قیادت کے اجلاس سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ ملک کی واحد جماعت ہے جو مشکل ترین حالات میں عوام کو ریلیف دینا جانتی ہے۔ ن لیگ ہی عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی نے اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو مہنگی بجلی اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا۔ مسلم لیگ ن ہی عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلائے گی۔ ن لیگ ملک کی واحد جماعت ہے جو مشکل ترین حالات میں عوام کو ریلیف دینا جانتی ہے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا اولین ترجیح ہے۔ بجلی کے بلوں ،معیشت کی مضبوطی کےلئے جو کچھ کرنا پڑا وہ ضرور کریں گے۔ گھریلو صارفین کو ریلیف دے چکے اب صنعتی صارفین کےلیے ریلیف کے ذرائع تلاش کررہے ہیں۔
اجلاس کے شرکاء نے نوازشریف اورمریم نواز کو بجلی صارفین کو ریلیف دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ حقیقی لیڈر شپ کا یہی تقاضا ہے کہ عوام کو ریلیف دیاجائے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے نئی حکومتی معاشی پالیسی بارے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیر اعظم شہبازشریف، وزیر اعلیٰ مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی شریک ہیں۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی وزراء اور سینئر لیگی قیادت بھی شریک ہے۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور رانا ثنااللہ سمیت دیگر بھی شریک ہیں۔