ویب ڈیسک: بھارت کے نامور پنجابی گلوکار گرو رندھاوا سیلاب زدگان کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرو رندھاوا کو اس وقت اپنی متنازع میوزک ویڈیو (گانا) ’اجول‘ پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے بھارتی ریاست پنجاب میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امدادی کیمپ لگایا جہاں کھانے پینے کی اشیا اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی جاری ہے۔
گرو رندھاوا نے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کچھ ویڈیوز شیئر کیں جن میں ان کی ٹیم کو سیلاب سے متاثرہ جگہوں پر ضرورت مندوں کی مدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پنجابی گلوکار نے کیپشن میں لکھا کہ میں سیلاب سے متاثرہ پنجاب اور دیگر تمام ریاستوں کیلئے دعاگو ہوں، ہم جس طرح سے بھی مدد کر سکتے ہیں۔ کرینگے، میں نے اپنے علاقے اور قریبی گاؤں میں ریلیف کیمپ قائم کیا ہے۔
خیال رہے کہ گور رندھاوا کو حال ہی میں ریلیز ہونے والی میوزک ویڈیو دکھائے گئے قابل اعتراض مناظر کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے لدھیانہ کی ایک عدالت نے راجدیپ سنگھ مان نامی شہری کی شکایت پر گرو رندھاوا کو 2 ستمبر کو پیش ہونے کیلئے طلب کیا ہے۔ راجدیپ سنگھ مان نے شکایت میں الزام لگایا کہ گرو رندھاوا کے گانے کے بول توہین آمیز ہیں اور منشیات کے استعمال کو فروغ دیتے ہیں۔
شکایت کنندہ کے وکیل گربیر سنگھ ڈھلون نے اس گانے کو توہین آمیز قرار دیا اور گرو رندھاوا کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ عدالت نے گلوکار کو ذاتی طور پر یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔