ویب ڈیسک: انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ ریکارڈ 1987 کے بعد پہلی بار منفی ہوگیا۔
لارڈز ٹیسٹ پاکستان کا مجموعی طور پر 473واں ٹیسٹ میچ تھا۔ شکست کے بعد قومی ٹیم کی فتوحات کے مقابلے میں ناکامیوں کی تعداد ایک سے بڑھ گئی ہے۔ پاکستان نے اب تک 153 ٹیسٹ میچز جیتے جبکہ 154 میں شکست کا سامنا کیا ہے۔
پاکستان کا ٹیسٹ ریکارڈ آخری مرتبہ اگست 1987 میں منفی ہوا تھا۔ اس وقت دی اوول میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد پاکستان نے 170 میچز میں 39 فتوحات اور 40 شکستیں حاصل کر رکھی تھیں۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث قومی ٹیم کو ایک بار پھر اس منفی ریکارڈ کا سامنا کرنا پڑا ہے، جو ریڈ بال کرکٹ میں ٹیم کی موجودہ مشکلات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔