ویب ڈیسک: پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے جس کے تحت باہمی تجارت کے فروغ، منڈیوں تک بہتر رسائی، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ پیش رفت وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر کے درمیان ملاقات میں ہوئی۔ اس موقع پر سیکرٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔
معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے نتیجے میں امریکی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی کی جائے گی، جو باہمی تجارتی توازن کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔
وزارت کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مستحکم کرے گا بلکہ امریکی ریاستوں تک ان تعلقات کو وسعت دینے کی کوششوں میں بھی مددگار ہوگا۔
دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی منڈیوں میں بہتر رسائی حاصل ہوگی اور پاکستان میں بنیادی ڈھانچے و ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کی قیادت کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور تجارتی و سرمایہ کاری روابط کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملاقات کے بعد ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ امریکا کے ساتھ ہونے والا یہ تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیرف سے متعلق مذاکرات کا مقصد نان ٹیرف رکاوٹوں اور تجارتی عدم توازن جیسے مسائل کو حل کرنا تھا۔
انہوں نے زور دیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو ساتھ ساتھ چلنا چاہیے، اور اس معاہدے سے ایک جامع اقتصادی و تزویراتی شراکت داری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
اورنگزیب نے مزید کہا کہ معاہدے کے لیے نجی شعبے نے بھی کلیدی کردار ادا کیا، خاص طور پر جب تجارتی خسارے کو کم کرنے کی بات آئی تو نجی شعبے نے آگے بڑھ کر معاونت کی۔
انہوں نے کہا کہ جیسے صدر ٹرمپ نے کہا، یہ معاہدہ مستقبل میں دونوں ممالک کے لیے فائدے کا باعث بنے گا۔
اس سے قبل نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سوشل میڈیا پر اس معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے لکھا: "الحمدللہ، امریکا سے تجارتی ڈیل طے پا گئی ہے۔"