ممکن ہے مستقبل میں پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرے، ڈونلڈٹرمپ

ممکن ہے مستقبل میں پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرے، ڈونلڈٹرمپ
کیپشن: ممکن ہے مستقبل میں پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرے، ڈونلڈٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ مکمل ہو گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک تیل کے ذخائر کی تلاش میں مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ ڈیل دونوں حکومتوں کے درمیان اہم پیشرفت ہے، جس میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک مل کر اس آئل کمپنی کا تعین کریں گے جو ان ذخائر کی تلاش کا کام سرانجام دے گی۔

صدر ٹرمپ نے یہ عندیہ بھی دیا کہ مستقبل میں ایسا ممکن ہے کہ پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرے، جو جنوبی ایشیا کے لیے ایک اہم معاشی تبدیلی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تجارتی معاہدے کی مکمل تفصیلات جلد دنیا کے سامنے لائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس اس وقت متعدد عالمی تجارتی معاہدوں پر کام کر رہا ہے، جن میں جاپان اور یورپی یونین کے ساتھ ڈیلز شامل ہیں۔ ٹرمپ کے بقول بیشتر ممالک امریکہ کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات چاہتے ہیں تاکہ دونوں طرف اقتصادی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے بھارت پر بھی کڑی تنقید کی اور اعلان کیا کہ یکم اگست سے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا بھر میں سب سے زیادہ ٹیرف وصول کرتا ہے مگر امریکہ کو کم ترجیح دیتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے زیادہ تر دفاعی معاہدے روس سے کیے اور توانائی کے میدان میں چین و روس پر انحصار کیا، جو امریکی مفادات کے خلاف ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر بھارتی حکومت نے نئے ٹیرف کے تحت رقم ادا نہ کی تو اسے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس سے پہلے اپریل میں بھی امریکی حکومت نے بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا، جس پر عمل درآمد مؤخر کر دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے ایپل اور ٹیسلا جیسی امریکی کمپنیوں کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی مصنوعات امریکہ میں تیار کریں ورنہ ان پر بھی 25 فیصد ٹیرف عائد ہوگا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں فروخت ہونے والے آئی فونز کو امریکی سرزمین پر ہی تیار ہونا چاہیے۔

Watch Live Public News