جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کی ''ملاقات'' پر افواہوں کا طوفان

جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کی ''ملاقات'' پر افواہوں کا طوفان
کیپشن: جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کی ''ملاقات'' پر افواہوں کا طوفان

ویب ڈیسک: کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے درمیان قریبی تعلقات کی افواہیں ان دنوں عالمی میڈیا میں خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

غیر ملکی رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات کو کینیڈا کے شہر مونٹریال میں ایک مشہور اور پرتعیش ریسٹورنٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا اور میڈیا پلیٹ فارمز پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں۔

دی گارجین میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مونٹریال کے ایک مقامی عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری نے حالیہ دنوں میں ایک ساتھ کھانے کا اہتمام کیا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں نے تقریباً دو گھنٹے ایک ساتھ گزارے، کاک ٹیلز سے ملاقات کا آغاز کیا اور پھر ٹونا، لوبسٹر اور ایسپراگس سمیت کئی لذیذ پکوانوں سے لطف اندوز ہوئے۔

امریکی میڈیا پر شائع ہونے والی ایک تصویرنے افواہوں کو مزید ہوا دی۔ جس میں دونوں کو ریسٹورنٹ میں موجود دیکھا جا سکتا ہے۔ اس تصویر کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ دونوں کے درمیان دوستی سے بڑھ کر کوئی تعلق موجود ہو سکتا ہے، اگرچہ تاحال نہ جسٹن ٹروڈو، نہ کیٹی پیری اور نہ ہی ریسٹورینٹ انتظامیہ نے اس ملاقات پر کوئی باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔

دلچسپ پہلو یہ ہے کہ دونوں شخصیات حال ہی میں اپنی سابقہ محبتوں سے علیحدہ ہو چکی ہیں۔ کیٹی پیری نے رواں ماہ اپنے دیرینہ ساتھی، ہالی وڈ اداکار اور منگیتر اورلینڈو بلوم سے کئی برس کے تعلق کے بعد راہیں جدا کر لی ہیں۔ اسی طرح جسٹن ٹروڈو نے اگست 2023 میں اپنی اہلیہ صوفی گریگوار سے 18 سالہ ازدواجی تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس ملاقات کے بعد دنیا بھر میں مداح دونوں شخصیات کے ممکنہ رومانوی تعلق کے بارے میں جاننے کے لیے بیتاب ہیں، تاہم سچائی کیا ہے، یہ وقت ہی بتائے گا۔

Watch Live Public News