ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ وہ قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے ہر فارمیٹ میں کھیلنے کو تیار ہیں، جبکہ جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق فاسٹ بولرز کو خود کو مسلسل بہتر بنانا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ جہاں بھی انہوں نے ٹی20 کرکٹ کھیلی، وہاں تقریباً 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کی، تاہم ایک روزہ کرکٹ کی نوعیت مختلف ہوتی ہے اور ہر فارمیٹ کے تقاضے بھی الگ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ کرکٹ میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں، اس لیے فاسٹ بولرز کو بھی اپنے کھیل اور حکمت عملی کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔
قومی فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ورک لوڈ، فٹنس اور منصوبہ بندی پر توجہ دے تاکہ مستقل مزاجی کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی فاسٹ بولنگ دنیا بھر میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے پہچانی جاتی رہی ہے۔
نسیم شاہ نے مزید کہا کہ کس کھلاڑی نے کون سا فارمیٹ کھیلنا ہے، اس کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز کرتے ہیں۔ "میرا کام صرف کرکٹ کھیلنا ہے، مجھے جس بھی فارمیٹ میں موقع ملے گا، میں پاکستان کے لیے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔"
انہوں نے اپنے چھوٹے بھائیوں حنین شاہ اور عبید شاہ کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کو اچھی بولنگ کرتے دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی تینوں بھائی ایک ساتھ بولنگ کرتے ہیں تو وہ لمحہ ان کے لیے خاص اور خوشگوار ہوتا ہے۔